
جب پوَ پھٹی
ابھی کچھ دیر تھی پوَ پھوٹنے میں
گرم بستر چھوڑ کر
جب گھر کی چوکھٹ پار کی میں نے
تو سارا شہر سویا تھا
کہ جیسے اک کویا تھا
جس کی تہ میں ہست وبو کا ریشم
سیاہی کے عجب اسرار میں لپٹا ہوا تھا
اک قدیمی دشت کی مہکار میں لپٹا ہوا تھا
ایسے لگتا یھا
کہ جیسے راستوں،
کھیتوں،مکانوں اور درختوں پر
فُسوں پھونکا گیا ہو
وقت جیسے
اک خُمارِرَفت میں ڈوبا ہوا ہو
شش جِہَت پر رنگ اِستمرار کا پھیلا ہُوا ہو
لا مَکاں کی کُہنگی میں
دُھند کی لَب بستگی میں
خَلق اَپنی خواب گاہوں میں
دبک کر سو رہی تھی
ٓٓآسماں پر
چاند کی ضَو ماند پڑتی جا رہی تھی
ایک سناٹے کا عالَم تھا
چراغوں کی لَویں بجھنے کہ تھیں
اِمکانِ باراں تھا
گلی کے عَین اُوپر ابَر کے ٹکڑے
فضا میں تیرتے تھے
میں زَمستانی ہوَا میں کپکپاتا
بار بار اپنے سیہ کمبل کے گِرتے پلوؤں کو
پُشت و سینہ پر جماتا
پُر سُکوں اَنداز میں خوابیدہ
بچوں کے ہیوُلے
اشک بار آنکھوں کے پَردوں سے ہٹاتا
لَب ہی لَب میں بَڑبَڑاتا
ساحِل دریا پہ پُہنچا
ناؤ میں بیٹھا!
ابھی کچھ دیر تھی پَو پُھوٹنے میں
دوسرے ساحِل پہ جانے کی کشش نے
موج کے ریلے نے
میری ناؤ کو آگے بڑھایا
صبح کا تارا اَچانک جھِلملایا
ناؤ،پانی،بادباں،چپو،اندھیرا
اور غُنُودہ جسم میرا
سب عناصِرایک عُنصرمیں ڈھلے
دل میں کچھ پُرانی یاد کے پھُول
شاخوں پر کِھلے
پھر پَو پھٹی
پھر دوپہَر کی دُھوپ پھیلی
سہ پہَر کے سایے رینگے
شام دھل آئی
اَندھیرا چھا گیا
اور سینکڑوں راتوں کے
اِک لمبے سفر کے بعد
ساحِل آگیا!
جب اگلے دن کی پَو پھٹی
گھر میں صفِ ماتم بچھی